وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلئے پر عزم ہیں ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی مزار اقبال پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

103

لاہور۔21اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اپنی چونچ اور دم نہیں مل رہی، حکومت کا اپوزیشن کے آپس کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں جبکہ پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکی ہے ۔حکومت پنجاب کی ترجمان ہونے کے ناطے اور وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے مزا اقبالؒ پر نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے حاضر ہوئی ہوں۔وہ بد ھ کے روز شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے موقع پر مزار اقبالؒ پر حاضری کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی پنجاب کے صدر سینیٹراعجاز چوہدری اور علامہ اقبال کے پوتے سینیٹر ولید اقبال بھی موجود تھے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید نہ کرے ،گستاخ رسول کی سزا پر زیرو ٹالرنس ہے، کوئی مسلمان گستاخی برداشت نہیں کر سکتا ،ہمیں متنفر کرنے کےلئے گستاخانہ عمل مغرب کی جانب سے ہوتاہے،ہم نے آپس میں نہیں لڑنا بلکہ اسلام مخالف قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنناہے،جو قانون کو ڈھال بناکر ریلیف مانگنا چاہے تو عمران خان چٹان بن جاتے ہیں،مسلمان کسی جماعت میں بھی ہے شمع رسالتﷺ کا پروانہ ہے، فتوے لگانا اسلامی فلاسفی کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں برداشت بڑا امتحان ہے ،سیاستدانوں میں عدم برداشت معاشرہ کو بے راہ روی کی طرف لے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز ہے، اس وقت وزیر اعظم کے سامنے بےروزگاری اور کورونا بڑے چیلنجز ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم نے عوام کے دکھوں کا مداوا کر نا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال کے بعد عوام کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے آئندہ کسے منتخب کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی احتساب و انصاف دونوں کےلئے جدوجہد کررہی ہے۔ وہ وزرا جن پر انگلی اٹھی پہلے انہوں نے خود کو اپنے اوپر لگے الزامات سے سرخرو کیا پھر کابینہ میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے ڈاکومنٹیشن کے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے، کسی جگہ پر کسی ادارے کے سامنے رکاوٹیں کھڑی نہیں کی گئیں،قانون و عوام کو جوابدہ ہیں اور اس عدالت میں سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پی ٹی آئی میں رہنے والے ہر ایک رکن کو اختلاف رائے کے اظہار کا موقع دیتے ہیں،پارٹی کی پالیسی پر تنقید اس لئے ہوتی ہے کیونکہ جمہوریت ہے جبکہ دوسری جماعتوں میں آمریت ہے، عمران خان کہتے ہیں اگر کسی کے تحفظات ہیں تو انہیں دور کیا جائے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو جبکہ انصاف و احتساب سب کےلئے یکساں ہوں ، احتساب کےلئے اپنوں یا غیر میں تقسیم نہیں ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی جانب سے مزار اقبالؒ پر نظریہ عقیدت پیش کرنے آئی ہوں،21اپریل ہمیں شاعر مشرق کا خودی کا پیغام دیتا ہے اور عظیم فلاسفر کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، حکیم الامت کی آرام گاہ پر کھڑے ہوکر پی ٹی آئی اور حکومت پنجاب عوام کی امنگوں کی ترجمانی کے تحت اقبال کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان علامہ اقبالؒ کے سچے پیروکار اور حقیقی سپاہی بن کر ان کے فلسفے کو آگے بڑھانے کےلئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کا انقلابی پیغام علامہ اقبال نے دیا آج نوجوانوں کےلئے اس پیغام کو عمران خان عملی جامہ پہنا رہے ہیں،ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرکے علامہ اقبالؒ کی روح کو دوام بخشیں گے،پاکستان تحریک انصاف علامہ اقبال ؒکے اس خواب کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہی ہے جس کی تعبیر 73سال سے زائد عرصہ سے ہماری قوم تلاش کررہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقبالؒ کے خودی کے فلسفے کو آگے بڑھانے اور ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے نہ تھی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلئے ان کے شانہ بشانہ پر عزم ہیں جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا ۔