وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت کا گراف بڑھا ہے ، 27مارچ کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ ہونے جارہا ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں ، وفاقی وزیر اسد عمر کی پریس کانفرنس

81

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے او ر پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں ۔27مارچ کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ ہونے جارہا ہے، جس کے لئے فوری تیاریاں شروع کی جارہی ہیں ،جلسے کیلئے 7 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ تمام صوبائی صدور ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیں ،ارکان پارلیمنٹ عوام کو متحرک کریں ،وفاقی وزیر اسدعمر نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں میں وزیراعظم کی مقبولیت کا گراف تیزی سے بڑھا ہے ،عدم اعتماد کی تحریک کے غبارے سے ہوا نکلنا شروع ہوجائے گی،اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اسلامو فوبیا کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتےہیں ،اسلام کی اس خدمت پر وزیراعظم کا نام تاریخ میں زندہ رہے گا، اسد عمر نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری سےپوری امت مسلمہ کا سرفخر سے بلند ہوا۔انہوں نے کہاکہ ‏وزیراعظم نےاسلاموفوبیا کےخلاف آواز اٹھائی تھی ، قرارداد منظورہونے پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا کہ اوآئی سی کانفرنس میں دنیا بھر کے مسلم ملکوں کے نمائندے آرہے ہیں ،اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان نظریاتی اختلافات واضح ہوچکے ہیں ۔ خسرو بختیارنے کہا کہ 27 مارچ کے جلسے کیلئےجنوبی پنجاب سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے،پرویز الہٰی نے آج وہی بات کی جو سارا پاکستان کرتا ہے ، عمران خان ایماندار لیڈر ہیں۔