وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، دفاعی تجزیہ کار

97

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ چین سی پیک منصوبے سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں اور تحفظات کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان امریکہ کی بجائے اپنے اسٹریٹجک پارٹنر چین پر انحصار کرسکتا ہے۔ دنیا بھر میں چین وہ ملک ہے جس نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی وجہ سے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک مزید زور پکڑ رہی ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ نعیم خالد لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کر سکتی اور نریندر مودی دنیا کے سامنے شرمندہ ہوں گے۔