وزیر اعظم عمران خان کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبے پر عمل درآمد شروع

303

فیصل آباد۔11جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبد الحمیدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا گیاہے ، اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سورج مکھی کی کاشت پر 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے جو کسی بھی قریبی موبائل مرچنٹ سے وصو ل کی جا سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انھوں نے بتایا کہ سبسڈی کے حصول کے طریقہ کارکے تحت کاشتکار سکریچ کارڈ نمبر سپیس شناختی کارڈ نمبر 8070پر بھیجیں اورمطلوبہ ایس ایم ایس موصول ہونے پر اپنی قریبی موبائل شاپ سے ہزار روپے ابھی وصول کریں جبکہ 4ہزار روپے فصل کی کٹائی پر ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد وصول کئے جاسکیں گے۔

چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ پنجاب بھر کے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت پر 20ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جائے گی ، سبسڈی واؤچر ز سورج مکھی کے بیج کے بیگ میں فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2021-22میں کاشتکار آئی سی آئی پاکستان،سنجینٹا پاکستان،عمر سیڈز اینڈ ایگری سروسز،سیٹھی سیڈزسن کر اپ،پیسٹی سائیڈز اور سرٹس سیڈز سے سورج مکھی بیج کے سبسڈی واؤ چرز والے بیگز حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کے فروغ کے قومی منصوبہ کے تحت پنجاب میں نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے بھی سورج مکھی کے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں لہٰذا اس منصوبے کے تحت 15اضلاع بہاولنگر،بہاولپور،بھکر،ڈیری غازی خان،خانیوال،لیہ، لودھراں،میانوالی،ملتان،مظفر گڑھ،اوکاڑہ،رحیم یار خان،راجن پور،سیالکوٹ اور وہاڑی سے رجسٹرڈ کاشتکار 25جنوری تک درخواستیں دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات زیادہ سے زیادہ 15ہزار فی ایکڑ ادا کئے جائیں گے اور اس پروگرام میں شامل کاشتکاروں کیلئے نمائشی پلاٹ کے علاوہ 3ایکڑ مزید رقبے پر سورج مکھی لازماً کاشت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہو گا جبکہ چھوٹے کاشتکار (مرد و خواتین) جن کا نہری رقبہ 5ایکڑ سے زائد اور ساڑھے 12ایکڑ سے کم ہو جبکہ بار انی علاقے میں رقبہ 25ایکڑ سے کم ہو تو وہ کاشتکا ر درخواست دینے کے اہل ہوں گے،

اسی طرح مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمیندار بھی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ مقررہ تاریخ تک درخواستیں تصدیق کے بعد متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں جمع کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ شرائط درخواست فارم پردرج ہیں جو کہ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع اور زراعت آفیسر توسیع کے آفس سے مفت حاصل کئے یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.com.pkسے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا .سکتے ہیں

تاہم فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔انہوں نے بتایاکہ قرعہ اندازی متعلقہ ڈویژن کے ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں 30جنوری کو ہو گی نیز اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن 0800-17000 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔