اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاےگا ،ترقیاتی منصوبوں کو ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اسلام آباد کے ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی براے خزانہ طارق باجوہ، چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لئے وفاقی دارالحکومت کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور رہائشی عمارات تعمیر کی جائیں جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ان ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر میں تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں،کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وہ منصوبے جن میں سرمایہ کاری کے حوالے سے استعداد ہے، کی مناسب مارکیٹنگ کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے۔