اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مری شٹل بس سروس سے سیاحوں کو معیاری اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جدید ترین خصوصیات کی حامل بسوں پر کم از کم کرایہ سے سفر کی سستی سہولیات کے ذریعے مری معروف سیاحتی مقام تک سیاحوں اور ان کے اہل خانہ کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پر انتہائی اہم قدم اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد معروف سیاحتی مقام تک سیاحوں اور ان کے خاندانوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔
اسسٹنٹ آپریشنل منیجر ملک طارق محمود نے کہا ہے کہ بھارہ کہو تا مری شٹل سروس بسیں جمعہ تا اتوار تین دن کیلئے چلائی جا رہی ہیں ، جن کا یکطرفہ کرایہ انتہائی مناسب صرف 100روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 65سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہریوں اور 12سال تک کی عمر کے بچوں کیلئے شٹل بس سروس پر مفت سفر کی سہولت دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بسیں ان ایام کے دوران صبح 9تا شام 6بجے تک بھارہ کہو سے لوئر ٹوپہ اور بس سٹینڈ مری تک چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری کی سیاحت میں دلچسپی کے خواہشمند افراد گرین بسسز کے ذریعے بھارہ کہو بس سٹاپ تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوران سفر مسافروں کو شٹل بسوں میں ایل ای ڈی اور آرام دہ سیٹوں کے علاوہ دیگر جدید ترین سفری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس اقدام سے عام آدمی کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے وزیر اعظم کے فیصلہ کو عوام کی اکثریت سراہتی ہے ۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے نا صرف مری میں ٹریفک کے رش میں کمی واقع ہوگی بلکہ ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔