
ہانگ ژو ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منگل کو ژی جیانگ صوبے میں واقع ای کامرس کے شعبہ میں خدمات فراہم کرنے والے چین کے بڑے ادارے علی بابا گروپ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان بھی موجود تھے۔ ہیڈکوارٹر پہنچنے پر علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما نے وزیر اعظم کا استقبال کیا اور انہیں بتایاکہ 1999 ءمیں قائم ہونے والی کمپنی اب دنیا کی سب سے بڑی آن لائن کمپنی کا درجہ حاصل کرچکی ہے۔ وزیر اعظم نے علی بابا میوزیم کا دورہ کیا جہاں پر انہیں کمپنی کی تاریخ اور پروفائل کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین نے کہاکہ کمپنی نے یومیہ 18ارب ڈالر کا ریونیو حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کررکھا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم محمد نوا زشریف نے کہاکہ علی بابا نے اپنا دائرہ کار آن لائن تجارت کے علاوہ دیہی معیشت ، مائیکرو فنانسنگ ، مارکیٹنگ ، عوام کی فلاح و بہبود ، روز مرہ زندگی کی سائنسز اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے تک وسیع کیا ہے اور دنیا بھر میں کمپنی کے 33ہزار مراکز کام کررہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ جیک ما نے وزیر اعظم کو بتایاکہ کمپنی کے صارفین کی تعداد 2ارب سے زائد ہے جبکہ کمپنی ایک سو ملین افراد کو روزگار بھی فراہم کررہی ہے ۔