وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

70

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن اور شکست خوردہ اداروں کی بنیاد پر ریاست مدینہ کا ڈھانچہ کھڑا نہیں ہو سکتا، اس کے لئے اصلاحات ضروری ہیں۔نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک سال میں کی گئی اصلاحات کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس وصولی کو پہلی دفعہ تحریک کی شکل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے ذریعے اکٹھی کی جانے والی رقم خواتین کو بااختیار بنانے نادار افراد کوقْرضے دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور لنگر خانے قائم کرنے میں خرچ کی جارہی ہے۔ ان پیسوں سے مزید منصوبے شروع کر کے ریاست مدینہ کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں ہر طرف قانون کی حکمرانی ہے ، آپ سب اس قانون کے سامنے جواب دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ادارے بااختیار ہیں وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کو رول ماڈل بناتے ہوئے تمام چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگا کے مواقع پیدا کرنا ہی غربت ختم کرنے کا آزمودہ طریقہ کار ہے، لنگر خانے اپنی جگہ لیکن خود انحصاری کہیں زیا دہ اہم ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمیں اس چیز کا بھی احساس ہے کہ پاکستان میں صنعت کا پہیہ چلے کا تو گھر کا چولہا جلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وہ اقدامات ہیں جو ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔ بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار کے ذریعے اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے اور انہیں لنگر خانوں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے اور یہ سب اقدامات اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔