وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل

125

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے ہمیشہ بدزبانی کے جوہر دکھا کر نواز شریف سے تھپکی وصول کی، مسلم لیگ ( ن ) کی پالیسی ہی یہی ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے،صرف یوٹیلیٹی سٹورز ہی نہیں پورے ملک کا خزانہ خالی کر کے نون لیگیوں نے اپنی جیبیں بھریں۔خواجہ محمد آصف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف ہمیشہ جھوٹ بول کر ہی عوام کو گمراہ کرتے آئے ہیں، خواجہ آصف نے ہمیشہ بدزبانی کے جوہر دکھا کر نواز شریف سے تھپکی وصول کی ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواجہ آصف کا قصور نہیں،ان کی جماعت کی پالیسی ہی یہی ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے۔معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ (ن) لیگ کے تیس سالہ سیاسی کچرے کی بدبو جلد ہی ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف یوٹیلیٹی سٹورز ہی نہیں پورے ملک کا خزانہ خالی کر کے نون لیگیوں نے اپنی جیبیں بھریں۔ انہوں نے کہا کہ بابرکت مہینے میں حکومت نے 2 ارب روپے کا رمضان پیکج دیا ہے،گزشتہ سال آپ کی حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی آج سے کہیں کم تھی،جس میں سے 76 کروڑ روپے کی سبسڈی صرف اور صرف آپ کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے لیپس کر گئی تھی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہہماری پارلیمانی میٹنگز میں عوامی مسائل کی باتیں ہوتی ہیں لطیفہ گوئی نہیں ہوتی۔