وزیر اعظم کی ہدایت پر انسداد ڈینگی کے لئے تمام تر وسائل بروئے لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا

65

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر انسداد ڈینگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ڈینگی کے خاتمے اور مریضوں کے علاج کیلئے تمام تر وسائل بروئے لا رہے ہیں، ڈینگی کنٹرول سیل مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ ہسپتالوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور اسلام آباد/ راولپنڈی کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈینگی تدارک اور مچھروں کی افزائش کے خاتمے کے لئے سرویلنس ٹیموں کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے۔ مچھروں کی افزائش کے خاتمے کیلئے سپرے سمیت تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا ئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی کے مریض ہسپتال میں داخلے کے وقت اپنے مستند اور مکمل ایڈریس لکھوائیں تاکہ سرویلنس ٹیمیں ان کے گھروں اور اردگرد علاقوں میں فوری سپرے کو یقینی بنا سکیں۔انہوں نے کہا ترلائی رورل ہیلتھ سنٹر میں بھی ایک ایمرجنسی سیل بنایا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا وزیر اعظم کی ہدایت پر انسداد ڈینگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا 90 فیصد سے زائد ڈینگی کے مریضوں کو ہسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیںہوتی جنہیں ہسپتال میں معائنے کے بعد رہنمائی کی جا تی ہے اور گھر میں بہتر نگہداشت سے مریض کی صحت میں بہتری آ جاتی ہے ۔ ڈینگی کے خاتمے اور مریضوں کے علاج کیلئے تمام تر وسائل بروئے لائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کنٹرول سیل موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی اس مربوط نظام کا حصہ بنایا جائے۔