
پشاور۔ 10 مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئر امیر مقام نے گزشتہ روز پیسکوہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکیٹوآفیسر پیسکوعارف محمود سدوزئی اور دیگر اعلی افسران نے ان کا پرجوش استقبال کیا ۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکیٹو آفیسر پیسکو عارف محمود سدوزئی نے پیسکو انتظامی امور پر تفصیلی بریفینگ دی اور انہیں ریکوری ، لائن لاسسز اور کنڈا کلچر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا-
انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ایمانداری اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دینا ضروری ہے یہ ادارے کی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی کے لئے بھی معاون ثابت ہوگا۔ سی ای او پیسکوعارف محمود سدوزئی نے معاون خصوصی کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے مسائل کا واحد حل سولرائزیشن ہے کیونکہ اگر خیبر پختونخوا کی عوام کو سستی بجلی فراہم کردی گئی تو بجلی چوری میں نمایا ں کمی ہوگی۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایات کیں کہ ماہ رمضان میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنانا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انجینئر امیر مقام نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر پیسکو کے مثبت طرز عمل کوسراہا۔ پیسکو منیجمنٹ اور ٹیکنکل سٹاف کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔