اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے شاندار منصوبوں کو سراہتے ہوئے غیر متزلزل حمایت پر زور دیا ہے۔وزارت سے جاری بیان کےمطابق نئے او پی ایف بوائز کالج کیمپس اسلام آبادکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے نئے کیمپس کے قیام پر او پی ایف کے کردار کو سراہا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی بچوں کے لئے معیاری تعلیم کا موجودہ نظام باعث تشویش ہے جس کیلئے معاون خصوصی نے اعلیٰ معیار کے وسائل تک رسائی کے ساتھ سازگار ماحول میں نوجوانوں کی پرورش کی اہمیت پر زور دیا۔جواد سہراب ملک نے ملکی معیشت کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کو جامع امداد فراہم کرنے کی حکومت کی اولین ترجیح کا اعادہ کیا۔
انہوں نے مزید اقدامات کے لئے سازگار ماحول کا حوالہ دیتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں حکومت کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔تقریب کے آغاز میں سہراب ملک نے ایچ ایٹ سیکٹر میں نئے او پی ایف بوائز کالج کیمپس کا افتتاح کیا اور بنیادی ڈھانچے اور مینجمنٹ کی سہولت کوسراہا۔ ابتدائی طور پر پری نرسری سے گریڈ پنجم تک کے طلباء کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے او پی ایف کالج مستقبل میں نئے کیمپس میں او- لیول کی تعلیم کو شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔