وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

67

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہو گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک سے زیادہ ذرائع سے بہتر قیمت پر ویکسین حاصل کریں گے۔ فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین حاصل کرنے بارے حتمی فیصلہ آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے گا کہ پاکستان میں ویکسین کب دستیاب ہوگی جس کیلئے ہم اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چین اور روس کے علاوہ 6 اعلیٰ سطحی کمپنیوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلی کی نسبت زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے ۔ کورونا پھیلائو کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزانہ 2 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہونا خطرناک ہے اس کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔