وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی کا بیان

116

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارت کے ولی عہد محمد بن زید النیہان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا جو کہ طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا ہے ، وزیر اعظم کی دعوت پر ہونے والے اس سرکاری دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ولی عہد کا نور خان ایئر بیس پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان اور معزز مہمان نے نور خان ائیر بیس سے وزیر اعظم ہاو¿س تک کا سفر ایک ہی کار میں کیا جسے وزیر اعظم چلا رہے تھے۔دونوں رہنماو¿ں کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفد کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں پاکستان عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی جانب سے ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے میں شرکت کے بعد معزز مہمان کو وزیر توانائی نے نور خان ائیر سے الوداع کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات کے ولی عہد کے سرکاری دورے میں ہر ایونٹ شیڈول کے مطابق واقع ہوا۔ دورے کے شیڈول سے متعلق مختلف قیاس آرائیوں پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیا نمائندگان سے درخواست ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور اس دورے کی اہمیت کے پیش نظر محض فرضی باتوں کی بنیاد پر دورے سے متعلق غیر ضروری تبصرے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔