وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے ازبک سفیر کی ملاقات،دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور صنعتی تعاون پر بات چیت

5

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان سے ازبکستان کے سفیر علیشیر تختیو نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ازبک سفیر نے پاکستانی قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، فارماسیوٹیکل، بجلی، خوراک اور ای کامرس سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستانی ڈیجیٹل کمپنیوں کو ازبک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور تعمیراتی مواد اور فیرس و نان فیرس دھاتوں کی مشترکہ پیداوار میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ہارون اختر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کو 2 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

ملاقات کے دوران پبلک پروکیورمنٹ میں اشتراک، خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ سرمایہ کاری اور’’میڈ اِن پاکستان‘‘نمائش کے ازبکستان میں انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے فوڈ اور زرعی اشیا کی تجارت میں فائیٹوسینیٹری تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ہارون اختر خان نے تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان 14 جون سے براہِ راست پروازوں کے آغاز کا خیر مقدم کیا اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)کے ذریعے بھی براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تجویز پر گفتگو کی گئی۔دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے 25 جون کو کراچی میں ازبک-پاکستان بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا ۔