راولپنڈی ۔15مئی (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام پنجاب کے فوکل پرسن فہد شہباز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا وژن ایک ایسا پاکستان ہے جہاں نوجوان صرف مستقبل نہیں بلکہ حال میں بھی تبدیلی کے نمائندے ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں سے ایک نمایاں اقدام وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ سکیم ہے، جو ہزاروں طلبہ کو تعلیمی اور تحقیقی میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دے چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور کا آغاز ہو چکا ہے، اور اسی لیے ’’یوتھ ڈیجیٹل ہب‘‘ متعارف کرایا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) پنجاب کے فوکل پرسن فہد شہباز نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے کیا ۔
یہ دورہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کی راہنمائی کرنے، اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یونیورسٹی کیمپس پہنچنے پر فہد شہباز کا والہانہ استقبال کیا گیا جس میں وائس چانسلر، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔فہد شہباز نے بتایا کہ "یوتھ ڈیجیٹل ہب” ایک مکمل آن لائن پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کو سکالرشپس، نوکریوں، کیریئر گائیڈنس اور دیگر حکومتی پروگرامز سے باخبر رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم موبائل کے ذریعے بھی قابلِ رسائی ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ بھی مساوی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک ویب سائٹ نہیں بلکہ ایک مکمل راہنمائی کا ذریعہ ہے، جو طلبہ کو ان کی تعلیم سے لے کر ملازمت تک کا راستہ خود تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اس پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کریں اور مکمل استفادہ حاصل کریں کیونکہ آگے بڑھنے کے لیے خود محنت اور وسائل کا درست استعمال ناگزیر ہے۔
وائس چانسلر نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اور اسے ایک بروقت اور ضروری قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اس قومی وژن سے ہم آہنگ ہے اور نوجوانوں کو عالمی مسابقتی ماحول میں کامیاب بنانے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا ’’مستقبل نوجوانوں کا ہے اور یہ جان کر خوشی ہوتی ہے کہ ہماری قیادت ان کی تربیت پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔‘‘وائس چانسلر نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام جیسے اقدامات نوجوانوں کو ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے آر ایم یو میں جاری توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی تحفظ اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ منصوبے نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ سماجی اور ماحولیاتی آگاہی کے فروغ میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔اپنے خطاب میں فہد شہباز نے یونیورسٹی کے ماحول دوست اور مستقبل بین کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اختتام پر طلبہ اور فیکلٹی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس قسم کی ملاقاتیں باقاعدگی سے جاری رہیں تاکہ پالیسی ساز اور نوجوان نسل کے درمیان براہ راست روابط مضبوط ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی گفتگو سے شفافیت، اعتماد اور شرکت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔دورے کے اختتام پر گروپ فوٹو لیا گیا اور فوکل پرسن نے طلبہ و اساتذہ سے غیر رسمی ملاقات کی۔ ماحول امید، حوصلے اور یکجہتی سے بھرپور تھا جس میں پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اجتماعی عزم نظر آیا۔ فہد شہباز کا راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا یہ دورہ ایک رسمی ملاقات سے بڑھ کر نوجوانوں کے امکانات اور قومی ترقی کے عزم کا اظہار تھا۔
وزیر اعظم یوتھ پروگرام جیسے اقدامات اور ’’یوتھ ڈیجیٹل ہب‘‘ جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان ایک ایسے مستقبل کی جانب گامزن ہے جہاں نوجوان تعلیم یافتہ، باخبر اور قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہو کر قوم کی باگ ڈور سنبھال سکیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597379