18.8 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومضلعی خبریںوزیر اعلی مریم نواز خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے دن رات...

وزیر اعلی مریم نواز خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،عظمی بخاری کا خواتین عالمی دن پر تقریب سے خطاب

- Advertisement -

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیابھر بالخصوص پاکستان کی خواتین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن مطابق خواتین پر جب بھی ظلم یا زیادتی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو پنک بٹن کے ذریعے 24سے 48گھنٹوں کے دوران ملزمان کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کر دیا جاتا ہے،میرے لئے ہر دن خواتین کا دن ہوتا ہے،الحمرا کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پرتقریب کے انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ،خواتین کے حوالے سے جب بھی کوئی نا خوشگوار واقع ہوتا ہے تو اسے خوامخواہ اچھالا جاتا ہے ،بجائے کہ اس مسئلے کا حل نکالا جائے ،وزیر اعلی پنجاب نے خواتین کو با اختیاربنانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں تا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے ہفتہ کویہاں الحمرا آرٹس کونسل میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا توفیق بٹ ،سول سوسائٹی اور این جی اوز کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔

- Advertisement -

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر الحمرا میں خواتین سے متعلقہ اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ گھر کے امور سنبھالنے والی خواتین خراج تحسین کی مستحق ہیں جن کی کوئی چھٹی نہیں ہوتی ،قومی معیشت میں خواتین کا بڑا اہم کردار ہے ،خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں بہترین صلاحیتوں اور مہارتوں کے ذریعے اہم عہدوں پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت پر مبنی ہے کہ ورکنگ ویمنز بڑے حوصلے کے ساتھ اپنے دفاتر یا ورکنگ پلیس پر کام کرنے کے بعد اپنی گھر یلو ذمہ داریاں بھی انجام دیتی ہیں جبکہ مرد کام سے آ کر گھر میں آرام کرتے ہیں،ہمیں اپنے معاشرے کے اندر جنسی تفریق کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جب بطور وزیر اعلی پنجاب اپنے عہدہ کا حلف لیا تو انہوں نے خواتین وبچوں کے تحفظ اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے تمام مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، وہ ہمیشہ خواتین کے امور کے حوالے سے گہری دلچسپی لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور یہ ان کے ویژن کا بنیادی جز ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ الحمرا آرٹس کونسل نے تقریب کا انعقاد کر کے اس موضوع کو اجاگر کیا ہے جس پر الحمرا کی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے، مجھے اس بات پر بہت خوشی ہے کہ پنجاب میں پہلے کی نسبت خواتین زیادہ محفوظ اوربا اختیار ہیں، چاہے وہ پیشہ ور خواتین ہوں یا تعلیم حاصل کرنے والی خواتین ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے واضح احکامات ہیں کہ جو خواتین حصول علم کیلئے دوسرے شہروں سے آکر یہاں ہوسٹلز میں رہتی ہیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ،یہی وجہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں خواتین کی شکایات یا ان سے زیادتی کے کیسز پر مریم نواز فوری ایکشن لیتی ہیں اور ملزمان کو پنک بٹن کے ذریعے 24سے48گھنٹوں میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے ایسے ہاسٹلز بنائے جا رہے ہیں جن میں ڈے کیئر سنٹرز بھی موجود ہیں تا کہ ان کے چھوٹے بچوں کا خیال رکھا جائے اور وہ پر سکون انداز میں ورکنگ پلیس پر اپنی پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے دیہاتی خواتین کو لائیو سٹاک کارڈ جاری کئے ہیں تا کہ وہ اپنی گھریلو آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بہتر پرورش کر سکیں،اسی طرح وزیر اعلی پنجاب کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت غریب گھرانوں کی خواتین کو گھر دیئے جا رہے ہیں جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید دس ہزار گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں جو غریب خواتین کو دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے جو الیکٹرک بسیں چلائی ہیں اس میں خواتین کیلئے الگ پورشن ہے تا کہ انہیں دوران سفر کوئی ہراساں نہ کر سکے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آگے بڑھنے ،پیشہ ور خواتین ،مظالم کی شکار خواتین سمیت دنیا بھر کی خواتین کو آج کے دن خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570329

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں