لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں رواں مالی سال کیلئے34ارب 73کروڑ کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی ۔ اتوار کو منعقد ہونے والے باڈی کے 99ویں اجلاس میں پرویز رشید، سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹریز ہائوسنگ،پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین حمید، انجینئر اکبر شیخ و دیگر نے شرکت کی ۔
ترجمان کے مطابق پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے سکیل کواپ گریڈ کرنے ،پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی سروسز ریگولیشن2004کے تحت سول سب انجینئر کی بھرتی ،بجٹ کی منظوری کابینہ کی بجائےپنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی گورننگ باڈی کی اجازت سے مشروط کرنے ،پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی ،پی ایم یوکیلئے سٹاف ہائرنگ جاب پورٹل کے ذریعے کرنے کی منظوری دی گئی۔اسی طرح سابق ہائوسنگ سکیموں میں قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے درخواست دہندگان کے واجبات کی واپسی کی اجازت بھی دی گئی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نےپنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی اور پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہائوسنگ پراجیکٹ مکمل کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ’’ اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں اس وقت5لاکھ 44 ہزار لوگ پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ 2لاکھ 80ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے ڈرافٹ ایپلیکیشن کی تعداد 76ہزار سے زائد ہے۔وزیراعلی نے درخواست دہندگان کے قواعد کی تصدیق کا عمل بروقت اورتیزی سے جاری رکھنے اورگورننگ باڈی اجلاس میں پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کو زیر التوا ہائوسنگ سکیموں کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کر منظوری کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔