لاہور۔26فروری (اے پی پی):وزیر زراعت پنجاب عاشق کرمانی نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعلی مریم نواز نے زراعت کی ترقی کے لئے قابل ستائش اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بدھ کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر میں 3 روزہ فوڈ ایج نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بر آمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔
صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نمائش میں 159 سے زائد کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جن میں غیرملکی کمپنیاں بھی شامل ہیں،بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے ،ملکی بر آمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی مدبرانہ سوچ کی بدولت اپنی پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے تمام ادارے ترقی کی جانب گامزن ہیں ، عام آدمی کی زندگی میں دن بدن خوشحالی آ رہی ہے ، پاکستان کے بارے میں عالمی تنظیموں کے معاشی اشاریئے بھی مثبت ہیں ۔
وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی حکومت کوایک سال مکمل ہوا ہے۔انہوں نے ایک سال میں صوبے کی ترقی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں پنجاب کی ترقی کےلئے اتنے منصوبے کسی حکومت نے شروع نہیں کئے جتنے مریم نواز نے اپنے ایک سالہ دور حکومت میں کئے۔مریم نواز نے شعبہ زراعت اور لائیوسٹاک میں جو معیار سیٹ کیاہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کےلئے 400 ارب روپے کے پروگرام کا آغاز کیا ہے جن میں کسان کارڈ کا اجرا،بلا سودقرضوں کی سکیم، کسانوں کیلئے مفت ٹریکٹر کی فراہمی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کئےہیں ۔عاشق کرمانی نے کہا کہ صوبے میں کاشتکاروں کی فلاح کےلئے جو منصوبے شروع کئے گئے ان سے6 لاکھ سے زائد کسان فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ گرین ٹریکٹر سکیم سے زرعی شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے، 95 فیصد چھوٹے کسانوں کو سولر سسٹم اور ٹریکٹر دیئے گئے ہیں اور زرعی یونیورسٹی سے 22 ہزار طلبا جدید علوم حاصل کرکے زراعت کے مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں ۔
تقریب کے آخر میں وزیر زراعت نے نمائش کا دورہ کیا اور سٹالز میں رکھی اشیا کے معیار کو سراہا۔اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سیکرٹری شہریار تاج ، چیف ایگزیکٹو فیض احمد، ڈی جی رافعہ سید اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز سمیت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566560