لاہور۔27جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پی ایف اے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز ہوگیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ،وزیر ہائوسنگ بلال یاسین اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے ڈی پی ایس سکول ماڈل ٹائون کے بچوں میں خصوصی باکسز تقسیم کیے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ بچوں کی صحت کا فگر الارمنگ ہے، فوری ایمرجنسی اقدامات کرنے ہوں گے، 10ہزار سے 700بچے غذائی کمی سے شدید متاثر ہیں۔وزیر ہائوسنگ نے سکول نیوٹریشن پروگرام کے آغاز پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ غذائی قلت کا شکار بچےعملی میدان میں بھی مشکلات کا سامنا نہیں کر سکتے، روایتی تعلیمی نظام میں تبدیلی سے ہی ہمارے بچوں کا مستقبل روشن ہوگا، اپنی پہلی وزارت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بنیاد رکھی،اس پروگرام کے تحت 50ہزار طلبا کے ٹیسٹ کر کے رپورٹس مرتب ہوں گی جبکہ 3ماہ میں صحت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نیوٹریشن کے معاملات کو سمجھا جس پر ہم ان کاشکریہ ادا کرتے ہیں، ہمارے کھانے میں کس مقدار میں کیا اجزا شامل کرنے ہیں، آگاہی کا فقدان ہے،نیوٹریشن امور کے حوالے سے ایک پالیسی اور قوانین مرتب کرنا ہوں گے۔
وزیر اعلی پنجاب نے راجن پور سے اس پروگرام کا آغاز کیا اور آج ہم بھی اس کار خیر میں شامل ہو گئے، حکومتیں آتی جاتی رہیں گی، یہ پالیسی تبدیل نہ ہو، ایسے قوانین بنانے ہوں گے۔ معاون خصوصی برائے وزیر اعلی پنجاب سلمی بٹ نے کہا کہ مقابلے کا امتحان ہو یا کرکٹ کا میدان، صحت انتہائی ضروری ہے۔ ڈی جی سول سروسز اکیڈمی اور سینئر تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے اظہار خیال میں کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا اور تعلیمی اداروں میں آگاہی کا دائرہ کار وسیع کرنا ہوگا۔ پنجاب بھر کے 55ہزار سرکاری سکولز میں آگاہی کے پھیلا ئوکا عزم کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552349