کوئٹہ۔ 02 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں ٹریفک مینجمنٹ میں ان کی غیر معمولی کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتراف میں دیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سائنس کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران خاتون ٹریفک پولیس افسر شبانہ حبیب ترین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کارکردگی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں گزشتہ روز باقاعدہ اعزاز دیا گیا ۔
ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ پہنچیں جہاں انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شبانہ حبیب ترین کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر طرح کے حالات میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتی ہیں، جو قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامی امور میں خواتین افسران کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور بلا شبہ بلوچستان کی با صلاحیت خواتین افسران ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس میں مقامی خواتین کی بڑی تعداد شامل ہو رہی ہے،م جو ایک خوش آئند عمل ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور ایف سی بلوچستان میں خواتین کی شمولیت ایک غیر معمولی اور مثبت تبدیلی کی علامت ہے اور انتظامی ڈھانچے میں خواتین افسران کی بڑھتی ہوئی تعداد صوبے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جس پر پورے صوبے کو فخر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577988