وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ کی سہون شریف آمد، حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر حاضری، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی

212
Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah
Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah

حیدرآباد۔ 28 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سہون شریف پہنچ کر حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لعل شہباز قلندر کے 772واں عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا اور کمشنر حیدرآباد اور ڈی آئی جی حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر اور ڈی آئی جی نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمراز کے ذریعے عرس مبارک کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لعل شہبازقلندرکے عرس کے انتظامات میں سکیورٹی کے علاوہ زائرین کے لیے پینے کے صاف پانی ،واش رومز و دیگر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے کیونکہ پورے ملک سے زائرین کی آمدکا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سہون شریف پہنچ کر اپنے والد سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ اوراپنی والدہ کی مزار پر حاضری دیکر فاتح خوانی کی۔ اس موقع پر مکیش کمار چاولہ اور خورشید جونیجوبھی ان کے ہمراہ تھے۔

بعد ازاں لعل شہباز قلندر کی مزار پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ قانونی ماہرین نے قومی اسمبلی اجلاس پر بات کر چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پہلے اسپیکر نے غلط طریقے سے اسمبلی تحلیل کی اور آئینی طریقے سے عمران خان وزارت عظمیٰ سے فارغ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد آئین کے مطابق 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرناہے، کل آئین کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کل حلف اٹھائیں گے جبکہ بلوچستان اور کے پی کے میں آج حلف اٹھایا گیا ہے، جمہوریت کا یہ سفر جاری رہے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ کی عوام نے پیپلز پارٹی کو بڑی اکثریت سے کامیاب کیاہے ،2018 کے انتخابات سے بھی زیادہ لوگوں نے ووٹ دیئے ہیں- انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 15 سالوں سے سندھ کے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے، لوگوں کی امیدیں پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ سیلاب متاثرین کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیاجائے گا اور 10 نکاتی پروگرام پر عمل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ماہ مارچ میں ملک کے صدر بنیں گے، ہم سندھ سے شروعات کریں گے اور بلاول بھٹو کو اس ملک کا وزیراعظم ووٹوں سے بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کی آفر کی گئی تھی مگر انہوں نے کہا میں عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان برپا ہے اس کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے جسے ختم کیا جائیگا- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاق میں فضول وزارتیں ختم کی جائیں، ملک میں شدید معاشی بحران ہے، دہشتگردی کا شدید خطرہ ہے، وفاقی حکومت کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہونگے اور آگے بڑھنا ہوگا- انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کل صبح اجلاس طلب کیا ہے اورسندھ میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تیاری کریں گے۔