وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکا راجہ بازار راولپنڈی میں پناہ گاہ کا دورہ،راولپنڈی میں ایک اور پناہ گاہ بنانے کا اعلان

131

لاہور۔19 اگست (اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے راجہ بازار راولپنڈی میں پناہ گاہ کا دورہ کیا اورپناہ گاہ میں مقیم افراد کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی اور پناہ گاہ میں مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں قیام کرنے والے افرادکے لئے فراہم کئے جانے والے کھانے کے معیار کو چیک کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوبریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راولپنڈی راجہ بازار پناہ گاہ میں روزانہ اوسطاً 50 افراد قیام کرتے ہیں اور اب تک راولپنڈی کی اولین پناہ گاہ میں 64 ہزار سے زائد افراد قیام کر چکے ہیں -راولپنڈی راجہ بازار پناہ گاہ میں آنے والے مسافروں کو ناشتہ اور رات کامعیاری کھانا فراہم کیا جاتا ہے-وزیر اعلی عثمان بزدارنے قیام و طعام کے لئے انتظامات کو مزیدبہتراور مثالی بنانے کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی میں دوسری پناہ گاہ بنانے کا اعلان کیااور اس ضمن میں فوری طو رپر اقدامات کرنے کے لئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں -پناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے – پناہ گاہ کے انتظامات اچھے ہیں اور آپ کا یہ اقدام مثالی ہے- ایک اور مسافر نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پہلے راولپنڈی آکر فٹ پاتھ پر رات گزارنی پڑتی تھی، اب یہاں قیام و طعام کا بہترین انتظام ہے – ایک بزرگ مسافر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شکر ہے کسی نے ہمارا بھی خیال کیا – بزرگ مسافرنے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پشاور سے آیا ہوں اور آپ کی میزبانی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں – وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طعام گاہ میں جا کر کھاناکھانے والے مسافروں سے بات چیت کی اور کھانے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ بے گھر افراد کے لئے وزیراعظم عمران خان کا پناہ گاہ کا منصوبہ اپنی مثال آپ ہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں آنے والے مسافروں کی صحت اور سہولت کا خصوصی خیال رکھاجائے -پناہ گاہو ں میں آنے والے مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہیں ہونا چاہیے -سڑکوں، فٹ پاتھوں اورپارکوں میں سونے والے مسافروں کو قیام وطعام کی سہولت مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے -حکومت بے گھر افراد کی دیکھ بھال کے فرض سے پہلو تہی نہیں کرے گی- انہوں نے کہاکہ پناہ گاہوں کے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرا نی کررہا ہوں اور پناہ گاہوں کے دورے کر کے خود سہولتوں کاجائزہ لیتا ہوں – صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، عوامی نمائندے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے راجہ بازارراولپنڈی میں پناہ گاہ کے قریب ٹائیگر فورس کے جوانوں نے ملاقات کی-ٹائیگر فورس کے جوانوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے راولپنڈی شہر کی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی اور ٹائیگرفورس کے جوانوں کی تجاویز کو غور سے سنا- ٹائیگرفورس کے جوانوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹائیگر فورس کے نو جوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے رضا کار ہیں – ٹائیگر فورس کے نوجوان بڑھ چڑھ کر عوامی خدمت کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں -ٹائیگر فورس کے نو جوان خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں –