وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "نگہبان رمضان پیکیج” کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل جاری

523

کہوٹہ۔ 02 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "نگہبان رمضان پیکیج” کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ کہوٹہ میں بھی محکمہ ڈاک کے ذریعے مستحقین کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ کہوٹہ کے مختلف علاقوں میں پہلے ہی کئی خاندان اس امداد سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ مزید اہل افراد تک بھی یہ رقم جلد پہنچائی جائے گی۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مالی امداد کی ترسیل میں مزید شفافیت اور تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد بروقت مستفید ہو سکیں۔ اگر کسی مستحق فرد کو تاحال امداد موصول نہیں ہوئی یا کسی قسم کی معلومات درکار ہوں تو وہ پنجاب حکومت کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔