وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ ستھرا پنجاب پروگرام ہے اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،صوبائی وزیر بلدیات

145

نوشہرہ ورکاں ۔ 05 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ ستھرا پنجاب پروگرام ہے اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام افسران، ملازمین اور کنٹریکٹرز کومتحرک کریں صفائی نظام میں بہتری نظر آنی چاہیے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر پینلٹی عائد یا کنٹریکٹ کو منسوخ (بلیک لسٹ) کردیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے گزشتہ روز جائزہ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ممبران صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ، نواز چوہان، رانا اختر خاں، قیصر اقبال سندھو، عمر فاروق ڈار،جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنرز، چیئرمین بورڈ کاشف اسماعیل گجر، کارپوریشن، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمیٹیز کے افسران اور کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔

بذریعہ ویڈیو لنک کے ڈپٹی کمشنرز، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف آفیسر اور نجی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں عوامی نمائندوں کو بالخصوص آن بورڈ کیا جائے،سی ای او جی ڈبلیو ایم سی کو کمپنی کے افسران کو لکھ پڑھ ڈیوٹیاں لگائیں مانیٹرنگ کا ماڈل نافذ کیا جائے، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، کمیٹیوں کےجو ورکرز ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہو رہے ہیں ان کی فہرست دی جائے اور ان کیخلاف قانون کے مطابق فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے بعد کنٹریکٹرز کو پوری طرح متحرک کیا جائے،کنٹریکٹ کے مطابق وسائل شامل کئے جائیں اور صفائی یقینی بنائی جائےاورجی ٹی روڈ پر سروس روڈز اور گرین بیلٹس کی کم از کم 2 روز بعد مکینیکل سویپنگ کی جائے

مرکزی روڈذ سے پلاسٹک بیگز/کچرا اٹھانے اور مکینیکل سویپنگ سے واضح فرق نظر آئے گا اور شہری علاقوں میں سیکنڈ شفٹوں کا آغاز کیا جائے اور جہاں شہری محلے کا کوڑا کرکٹ پھینکتے ہیں انہیں روزانہ صاف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اربن علاقوں کا ماڈل درست کرنے کے ساتھ صفائی موئثر بنانے کے لیے بیٹ سسٹم کا نفاذ کیا جائے اوردیہاتوں کی یونین کونسلوں کو 6 حصوں میں تقسیم کیا جائے۔اس کے علاؤہ انہوں نے لینڈ فل سائٹس کے مسائل بارے استفسار کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کامونکی اور گوجرانوالہ شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آئوٹ سورسنگ کے بعد نجی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا۔

دورہ کے دوران متعلقہ حلقوں کے ممبران صوبائی اسمبلی بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر صفائی نظام میں بہتری کو سراہا تاہم واضح بہتری کے لیے خصوصی اقدامات بروئے کار لانے کے لیے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور کنٹریکٹرز کو ہدایات جاری کیں۔