وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپانی حکومت کی دعوت پر یکم جولائی سے 4 جولائی تک جاپان کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

166
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپانی حکومت کی دعوت پر یکم جولائی سے  4 جولائی تک جاپان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ جاپان کے ساتھ کافی وقفے کے بعد قیادت کی سطح پر رابطوں کی بحالی کا اشارہ دیتا ہے۔ وزیر خارجہ دورے کے دوران اپنے جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔

وزیر خارجہ جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیداسے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ جاپان کے قومی سلامتی کے مشیر ٹیکیو اکیبا کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کریں گے جو جاپان کا ایک مشہور تھنک ٹینک ہے۔ پاکستان اور جاپان کے طویل عرصے سے تعلقات قائم ہیں جس کی خصوصیت گرمجوشی، دوستی اور مسائل پر مشترکہ خیالات ہیں۔ وزیر خارجہ کی جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کی درآمد سے متعلق ممتازبزنس ہائوسز اور اداروں کی نمائندگی کرنے والے سینئر حکام اور ایگزیکٹوز سے بھی بات چیت متوقع ہے