اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی کانگریس کے وفد نے خاتون رکن شیلا جیکسن لی کی قیادت میں پیر کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور کانگریس مین آل گرین شامل تھے۔ امریکی کانگریس کا وفد ان دنوں پاکستان کے تین روزہ دورہ پر ہے۔
وزیر خارجہ نے ایک ایسے وقت پر وفد کے دورہ پاکستان کو سراہا جب ملک میں تباہ کن سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں 1300 سے زائد جانیں ضائع، 33 ملین سے زیادہ افراد متاثر ، 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر فصلیں بہہ گئی ہیں اور لاکھ مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اس وقت بچائو اور امدادی سرگرمیوں میں پوری طرح مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی بحالی اور اہم انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے بے پناہ وسائل درکار ہیں جو ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاربن کا سب سے کم اخراج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو سیلاب سے درپیش چیلنج کی وسعت کو تسلیم کرتے ہوئے بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنے والا نہ تو پہلا اور نہ ہی آخری ملک ہے۔
انہوں نے مشترکہ ماحولیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت کا اظہار کیا اور عالمی سطح پر ماحولیاتی انصاف پر زور دیا۔ کانگریس وومن لی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر انہیں سخت رنج پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وفد زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے امریکی کانگریس اور امریکی انتظامیہ کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔