اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امدادکیلئے ترکی کی جانب سے بروقت ٹیم پاکستان بھیجنے پرترکی کے وزیرخارجہ کاشکریہ اداکیاہے۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری سے ہفتہ ترکی کے وزیرخارجہ مولوت کووسوگلوف نے ٹیلی فون پررابطہ کیا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امدادکیلئے ترکی کی جانب سے بروقت ٹیم پاکستان بھیجنے پرترکی کے وزیرخارجہ کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ جون کے بعدپاکستان میں ریکارڈبارشیں ہوئی ہیں جس سے وسیع پیمانے پرسیلاب اورلینڈسلائیڈز کی وجہ سے انسانی زندگیوں، روزگار، لائیوسٹاک، پراپرٹی اوربنیادی ڈھانچے پرانتہائی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔یہ قدرتی آفت دریاوں میں سیلاب کی وجہ سے مزیدگھمبیرہونے کا امکان ہے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ بنیادی ڈھانچہ کوپہنچنے والے انتہائی نقصان کی وجہ سے لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے اورانہیں موثراندازمیں امداد کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
وزیرخارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کوبتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سے فوری امداد کی اپیل (یواین فلیش اپیل) تیارکی ہے جو 30 اگست کوجاری کی جائیگی۔ وزیرخارجہ نے اس امیدکااظہارکیا کہ بین الاقوامی برادری سیلاب سے نمٹنے اورمتاثرین کی امدادکیلئے پاکستان کی ضروریات کوپوراکرنے میں اپنا کردار اداکرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324102