وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سفیر ژانگ منگ کی ملاقات

289
بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل سفیر ژانگ منگ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ایس سی او میں اہم عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور تنظیم کے مقاصد اور اصولوں کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے خطے کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے ایس سی او کی صلاحیت کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے مل کر کام کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے جامع اور متنوع سماجی و اقتصادی تعاون کا ذکرکرتے ہوئے رابطے اور ٹرانسپورٹ، غذائی تحفظ، جدت اور ٹیکنالوجی کے تبادلہ، تجارت اور معیشت، بشمول ای کامرس، سٹارٹ اپس اور ڈیجیٹل خواندگی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اہم ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی دلچسپی کا ذکر کیا۔

انہوں نے ایس سی او ممالک کیلئے ٹرانس شپمنٹ اور تجارتی مرکز کے طور پر پاکستان کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا اور ایس سی او کو مزید مضبوط بنانے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے ورکنگ میکانزم کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ تنظیم کی مزید توسیع اور اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو کہ ایک بڑے کثیرالجہتی پلیٹ فارم کے طور پر اس کے بڑھتے ہوئے قد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے امن، استحکام، ترقی اور علاقائی روابط کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کیلئے تعمیری روابط اور عملی تعاون کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سنگین انسانی صورت حال اور اقتصادی بحران کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مدد کو بڑھانا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے افغان عبوری حکام پر زور دیا کہ انہیں عالمی برادری کے خدشات کو دور کرنا چاہیے اور یہ کہ لڑکیوں کی تعلیم سمیت تمام افغانوں کے حقوق کا احترام اور انسداد دہشت گردی کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم آٹھ ممالک کی ایک بین علاقائی کثیر جہتی تنظیم ہے جس میں پاکستان، چین، روس، قازقستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان اور بھارت شامل ہیں۔

ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان عہدہ سنبھالنے کے بعد رکن ممالک کے روایتی دوروں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد قیادت کے ساتھ مستقبل میں تنظیم کی سٹریٹجک سمت کے ساتھ ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی تعاون کے فریم ورک میں پاکستان کہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے کردار اور شرکت کے بارے میں مشاورت کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، ماہ رواں کے آخر میں تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف وزرائے خارجہ اور ستمبر میں سمرقند میں سربراہان مملکت کی کونسل کا اجلاس ہوگا۔