اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے عالمی ریسکیو کمیٹی کے صدر ڈیوڈ ملی بینڈ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عالمی ریسکیو کمیٹی کے درمیان صحت، تعلیم اور ترقی کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے عالمی ریسکیو کمیٹی کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں قدرتی آفات کے دوران خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ریسکیو کمیٹی نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلیے بہترین کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ڈیوڈ ملی بینڈ نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے حوالے سے معاونت پر وزیر خارجہ اور پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔