وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کمبوڈیا جاتے ہوئے بنگلہ دیش کے چٹاگانگ ایئرپورٹ پر مختصر قیام

59
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کمبوڈیا جاتے ہوئے بنگلہ دیش کے چٹاگانگ ایئرپورٹ پر مختصر قیام

ڈھاکہ/اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل فورم کے 29 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے کمبوڈیا جاتے ہوئے بدھ کو بنگلہ دیش کے چٹاگانگ ایئرپورٹ پر مختصر قیام کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر حسن محمود نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں وزراءکے مابین کتابوں کے تحائف کا تبادلہ ہوا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چٹاگانگ میں اپنے مختصر قیام کے دوران بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن اور بنگلہ دیش کے عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بنگلہ دیش کے اوپر پرواز کرتے ہوئے میں آپ کی اچھی صحت و خوشی اور بنگلہ دیش کے برادر عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔