وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو کویت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر شیخ احمد ناصر المحمد الصباح کا ٹیلی فون، وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی

66

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو کویت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر شیخ احمد ناصر المحمد الصباح نے ٹیلی فون کیا اور وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے برادرانہ تعلقات مثالی ہیں، پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد روزگار کے سلسلہ میں کویت میں مقیم ہے اور وہ دونوں ممالک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔