میونخ۔19فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو ناروے کے اپنے ہم منصب انائیکن ہوئیٹ فیلڈٹ سے ملاقات کی جس میں دونوں نے دنیا میں ‘اسلامو فوبیا’ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں متعلقہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کوسوو کی وزیر خارجہ ڈونیکا گروالا شیورز سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوسوو کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے سیاحت، صحت، تعلیم، تجارت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کونسل کے نائب صدر جوزف بوریل سے بھی ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام آباد یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو وسعت دینے پر متفق ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔