وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقاتیں

142

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق،ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل بھی خواجہ آصف سے ملے،روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ المار محرم اوگلے محمد یاروف نے پاکستان آذربائیجان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے بین الاقوامی سطح پر باہمی مفادات کے معاملات اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیل سے بات چیت کی۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا اور علاقائی معاملات اور دیگر اہم بین الاقوامی امور پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ محمد یاروف نے خواجہ آصف کو آذربائیجان کے سرکاری دورے کی بھی دعوت دی۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے وزیر خارجہ مارک انتھونی بینٹلے کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے مختلف بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔ کیریبین میں سمندری طوفان سے ہونے والی تباہی اور اس کے اثرات پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ خواجہ آصف نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے عوام کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پیشکش کی کہ وہ سمندری طوفان کے متاثرین کی آبادکاری اور انہیں امداد فراہم کرنے کی عالمی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل سلیل شیٹی نے بھی نیویارک میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی اور میانمار اور روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار پر پاکستانی تعاون کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ نے مسٹر شیٹی کو روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے کی جانے والی پاکستان کی کوششوں سے متعلق بتایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں صورتحال کا بغور جائزہ لینا چاہیے اور اس کے محرکات کو جڑ سے اکھاڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روہنگیا کے مسلمانوں کو انسانی بنیادوں پر ہرممکن امداد فراہم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔