اسلام آباد ۔ 06 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس عزم کو دہرایا کہ افغانستان کے امن کے لیے پاکستان مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ پاکستان نے افغان جنگ میں امریکا کی مدد کی اور ہمارے ملک کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ ہم افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ملک سے کافی حد تک دہشت گردی کا خاتمہ بھی کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسٹریٹجک مقام کی وجہ سے امریکا ابھی بھی ہمارے ملک کو استعمال کر رہا ہے۔ امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے لیکن ہم امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ملکی قومی مفاد اور وقار پر پاکستان کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں غلطیاں کیں جن کی ہم نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کے روس کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند بھی ہے۔