کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو دنیا کے کسی فورم پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو دنیا کے کسی فورم پر تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کا دنیا بھر میں وقار سربلند رکھنے کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کروں گا، نواز شریف سے قوم آج بھی محبت کرتی ہے، عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صحافیوں کو صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے، یہ ہر معاملہ میں جلد بازی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، دنیا کے کسی فورم پر بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیر کے حق کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔