اسلام آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی) پاکستان اور یورپین یونین نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے گزشتہ روز میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یورپین یونین کی خارجہ وسکیورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے مابین ملاقات کے دوران پایا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماوں نے اس موقع پر پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ یورپین یونین کی خارجہ وسکیورٹی پالیسی سربراہ فیڈریکا موگرینی مارچ میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔