اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے ترک ہم منصب میلوت چاوس اوگلو کی دعوت پر انطالیا ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لئے جمعرات کو ترکی روانہ ہوں گے۔وزیر خارجہ خطے کے دیگر وزرائے خارجہ کے ساتھ "ایشیاء میں علاقائی تعاون” سے متعلق پینل بحث میں بھی شرکت کریں گے ، جہاں وہ علاقائی تعاون ، معاشی ترقی اور رابطے کے لئے پاکستان کے وژن کو اجاگر کریں گے۔
انطالیا ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ، وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ فورم میں اہم سیاسی رہنما ، سفارتکار ، مفکرین ، اور ماہرین تعلیم اہم بین الاقوامی اور علاقائی موضوعات پر اظہار خیال کرینگے۔ پاکستان علاقائی تعاون اور کثیر الجہتی تعاون کے ذریعے باہمی اعتماد اور مشترکہ ایجنڈے پر مبنی تجارت ، رابطوں اور معاشی ترقی میں شراکت کی حمایت کرتا ہے۔