وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 17ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر خصوصی پیغام

113
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 17ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی کے موجودہ چیئرمین کی حیثیت سے سعودی عرب کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کے پس منظر میں پاکستان (آج) اتوار 19 دسمبر 2021ء کو افغانستان کے معاملہ پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزراء خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کا شرف حاصل کر رہا ہے، اس سے قبل افغانستان کی صورتحال پر اسی طرز کا اجلاس 1981ء میں منعقد ہوا تھا،

اسلامی تعاون تنظیم کے 56 رکن ممالک کے علاوہ اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور پانچ بڑے ممالک جیسے اہم شراکت داروں کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں وقوع پذیر حالیہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پہلے ہی وسیع پیمانے پر سفارتی رابطے اور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،

آج کے اس غیر معمولی اجلاس کا انعقاد بھی انہی کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد افغانستان میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال اور متوقع اقتصادی تباہی پر قابو پانا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کا یہ اجلاس افغان عوام کو درپیش انسانی ضروریات کی فراہمی کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے سمیت افغان عوام کی مدد کے لئے ایک ٹھوس قابل عمل طریقہ کار بھی وضع کرے گا،

یہ اجلاس عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں اس بگڑتی صورتحال کی طرف مبذول کرائے گا جس کے نتیجہ میں سکیورٹی کے تشویشناک حد تک بگڑنے اور عدم استحکام کے پیدا ہونے کا شدید خطرہ ہے، نتیجتاً بڑے پیمانے پر افغان عوام دوسرے ملکوں کی طرف ہجرت کریں گے جس کے لامحالہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سیکورٹی پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے اسلامی یکجہتی اور مشترکہ اسلامی اقدامات کا زبردست حامی ہونے کے ساتھ ساتھ تنظیم کے کردار اور شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، توقع ہے کہ یہ غیر معمولی اجلاس اس مشکل وقت میں افغان عوام کی تکالیف کو دور کرنے کے بنیادی مقصد میں نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔