وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلیفونک رابطہ ، انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا

102

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت، غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی صریحاً منافی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے حالیہ غیر آئینی اقدامات خطے میں امن و امان کیلئے شدید خطرات کا باعث ہو سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے ، کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور تکالیف سے آگاہ کیا۔