وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب

132

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہمیں اپنے ماحولیاتی تحفظ کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے،قدرتی ماحول کی اضافہ ذمہ داری نبھانے کیلئے کوشاں ہیں، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔وہ پیر کو وزارت خارجہ میں ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود،یو این ڈی پی پاکستان کے سربراہ کنوٹ اوسٹبی، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں، ان تبدیلیوں کے منفی اثرات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیاں اہمیت کی حامل ہیں،پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کا کام عموما ہمسایہ ملکوں کیساتھ تعلقات قائم رکھنا ہوتا ہے لیکن ہم قدرتی ماحول کی اضافہ ذمہ داری نبھانے کیلئے بھی کوشاں ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہمیں اپنے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے ،ہم وافر پانی کے حامل ملک سے پانی کی کمی کا سامنا کرنے والے ممالک میں شامل ہو رہے ہیں ۔

مجھے خوشی ہے کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے قوم کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے مسلسل آگاہ کرتے آ رہے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ صدر بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کا ادراک کرتے ہوئے اس حوالے سے ماحولیاتی سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک امین اسلم نے اس سمٹ کے وزاراتی سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کی نمائندگی کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2013 سے 2018 تک خیبرپختون خواہ میں بلین ٹری منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا-آج وہ منصوبہ 10 بلین سونامی ٹری پلانٹیشن کی شکل میں قومی سطح پر کامیابی سے جاری ہے ۔آج ہمارے ماحول دوست اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کے ماحول دوست منصوبوں کو سراہا ہے اور سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ کو سرسبز بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے،ہم سب کو ماحول سے آلودگی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نےکہا کہ ہمیں کرپشن کی آلودگی کو بھی ختم کرنا ہو گی ۔قبل ازیں ماحولیات کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے وزارت خارجہ کے زیر اہتمام، یو این ڈی پی، اربن اینوویشن، اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے اشتراک سے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اس سال ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے نکالی جانے والی سائیکل ریلی کا تھیم” پیڈل فار اے گرین پاکستان "رکھا گیا ہے۔

اس سائیکل ریلی کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کر رہے تھے۔مشیر موسمیاتی تبدیلی آمین اسلم خان، وزیر مملکت ،پارلیمانی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ،یو این ڈی پی کے سربراہ کنوٹ آٹسبی اور مختلف ممالک کے سفراء سمیت وزارتِ خارجہ کے افسران نے کثیر تعداد میں سائیکل ریلی میں شرکت کی۔سائیکل ریلی ڈی چوک اسلام آباد سے دفتر خارجہ تک نکالی گئی۔ ریلی میں شامل مختلف ممالک کے سفراء نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ اور موثر کاوشوں کو سراہا۔