وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ناروے کے سابق وزیراعظم شیل بونڈویک سے برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے دفتر میں ملاقات کے دوران اظہار خیال

87
APP04-05 LONDON: February 05 - Foreign Minister of Pakistan, Makhdoom Shah Mahmood Qureshi meeting with former Prime Minister of Norway, Kjell Magne Bondevik at the Pakistan High Commission ahead of International Kashmir Conference. High Commissioner Mohammad Nafees Zakaria is also present. APP

لندن ۔ 5 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ناروے کے سابق وزیراعظم شیل بونڈویک نے برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں شرکت پر سابق وزیراعظم ناروے کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوجی تسلط اور نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم نے سنگین بحران کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے جس نے پوری دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ان کی آواز میں آواز ملا کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کی صورت میں بین الاقوامی کمیونٹی کے پاس کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے کا ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی فوری تحقیقات ”غیر جانبدار کمیشن آف انکوائری“ تشکیل دے کر کرائی جائیں۔ لندن سے موصولہ پیغام کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر جلد عملدرآمد سے ہی جموں و کشمیر کے تنازعہ کا فوری اور پر امن حل نکل سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ علاقہ میں نافذ کالے قوانین منسوخ کرے، نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ فی الفور بند کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خود ارادیت کا احترام کرے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم ناروے نے کہا کہ ہماری رائے بھی یہی ہے کہ طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، پرامن مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کے حل کا واحد راستہ ہیں، بین الاقوامی برادری کو بھی مسئلہ کشمیر کو ترجیحی ایجنڈے کے طور پر لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلہ سے متعلقہ تمام فریقین مل بیٹھ کر اس کے پرامن حل کی جانب پیشرفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے انٹرنیشنل کمیونٹی میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔ سابق وزیراعظم ناروے نے کہا کہ جموں و کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے، اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ ہوتے رہنا چاہئے۔