وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری، وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داود، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

152
APP73-13 ISLAMABAD: February 13 – Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain and Foreign Minister Shah Mahmood Qureshi jointly addressing a press conference at Foreign Office. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں،سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران 8معاہدوں پر دستخط ہونگے۔آئندہ دو سال میں سعودی عرب کی جانب سے سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔سعودی عرب نے تیل و گیس،زراعت،توانائی ،پیٹرو کیمیکل،فوڈ،زراعت،پروسیسنگ،کنسٹرکشن سمیت متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔سعودی عرب نے 30سال بعد وزیر اعظم کو سٹیٹ وزٹ دیا۔میونخ کانفرنس کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی سمیت روس،کینیڈا،ازبکستان کے وزراءخارجہ اور امریکی ارکان کانگرس سے ملاقاتیں ہونگی۔بدھ کو وزارت خارجہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داو¿د، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو سعودی عرب کیساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار تھے تاہم وزیر اعظم عمران خان کے یکے بعددیگرے دوروں سے سعودی عرب کیساتھ تعلقات میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے، اس کا عملی مظاہرہ 16اور 17فروری کو دکھائی دیگا۔ سعودی عرب نے 30سال وقفے کے بعد وزیر اعظم کو سٹیٹ وزٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی کیساتھ ہمارے تعلقات بحال ہوئے ہیں ۔سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی کھل کر حمایت کی ہے۔سعودی عرب نے تین سال کیلئے موخر ادائیگیوں پر تیل فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہماری دل کھول کر مدد کی ہے۔ تین ارب ڈالر انہوں نے بیلنس آف پے منٹ کی مد میں جمع کروائے اور پھر ڈیفرڈ پے منٹ کی مد میں 9.6 ارب ڈالرکی سپورٹ فراہم کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کراﺅن پرنس کے دورے سے قبل اپنی ایک ٹیم یہاں بھیج دی تھی جنہوں نے ہوم ورک کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاریرزاق داو¿د سمیت وزارت خزانہ و تجارت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں اور اس ہوم ورک کے نتیجے میں کم از کم 8 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ان معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوآرڈینیشن کونسل بنائیں گے جس کی سربراہی پاکستان کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کی طرف سے کراو¿ن پرنس شہزادہ محمد بن سلمان خود کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں(آج) میونخ کانفرنس میں شرکت کیلئے جرمنی روانہ ہو رہا ہوں۔وہاں میری ملاقات افغان صدر اشرف غنی،روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے علاوہ جرمنی ، ازبک ، اور کینیڈا کے وزراءخارجہ سے ملاقاتیں ہونگی۔اس کے علاوہ میونخ میں امریکی سینیٹرز /19 ممبران امریکی کانگریس سے بھی ملاقات طے ہے۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سفیر زلمے خلیل زاد نے پاکستان کے متعلق جو مثبت ریمارکس دیئے وہ ہمارے لئے تمانیت کا باعث ہیں ۔ہمارے تعلقات امریکہ سے مزید بہتر ہو رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جوغیر ملکی سرمایہ کاری ایک سال میں لائی ہے وہ پچھلی حکومت گزشتہ دس سالوں میں بھی نہیں لا سکی ۔ہم کشکول سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یمن میں جھونکنے کی کوئی کوشش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف کل تشریف لائے اور انہوں نے اس اتحاد کے بنائے جانے کا مقصد بتایا کہ یہ کسی فرقے یا کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، اتحاد میں شامل ممالک کی درخواست پر ایکشن لے گی خود بخود نہیں کریگی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کے وزیر اعظم سے جب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی تو دوران گفتگو وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پہلے پاکستان میں دو این آر او ہوئے لیکن ہمارا تجربہ کوئی اچھا نہیں رہا لہذا ہم اس طرح کوئی این آر او نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت تین خصوصی اقتصادی زون میں سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کا خیر مقدم کرینگے۔ہم چاہیں گے کہ گوادر تجارت کا ایک مرکز بن جائے۔کشمیر کانفرنس سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں سینٹ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ ہم نے برطانیہ میں کشمیر پر انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی وہاں لارڈ قربان نے جو تاریخی قرارداد پیش کی وہ سب نے متفقہ طور پر منظور کی ۔برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی دفعہ مسئلہ کشمیر کو اٹھایا گیا، جو ہمارا نقطہ ء نظر تھا تمام جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ جو ہمارے ساتھ تشریف لے گئے تھے ان سب نے بھرپور تائید کی۔بھارت کا پراپیگنڈہ مکمل طور پر ناکام ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کامیاب سفارتکاری پر دفتر خارجہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اتنے بہتر ہوئے ہیں اور پاکستان مشرق وسطی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور پورا پاکستان سعودی ولی عہد کے دورے کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی امداد کی ہے۔ مشیر تجارت نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ دو سال میں سعودی عرب کی جانب سے سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔وہ پنجاب میں آر این جی پلانٹ، سندھ اور بلوچستان میں قابل تجدید توانائی اور آئل ریفائنری قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ فیزیبلٹی سٹڈی کریں گے جس میں بارہ سے پندرہ مہینے لگ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریفائنری سے اضافی پیداوار ایکسپورٹ بھی ہوگی۔اس کے علاوہ سعودی عرب نے خوراک و زراعت،معدنیات ،خدمات اور آئی ٹی میں بھی دو سال میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ ایم او یوز ہونے کے بعد فیزیبلٹی سٹڈی شروع ہوجائے گی۔پاکستان سرمایہ کاری کے لئے کھلا ملک ہے، یہاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دی جارہی ہےں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی زونز کے قیام اور زمین کی خریداری پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے فوڈ پروسیسنگ کے ساتھ کنسٹرکشن اور خدمات میں بھی دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے۔