اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پر امن رہنا چاہتا ہے لیکن مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا جسے نظر انداز یا پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا، پاکستان مسلم ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ جدہ میں 14 ویں اسلامی ممالک کی سربراہ تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ’عرب نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس خطے کو سنجیدہ معاملات کا سامنا ہے اور ہمارا یہ موقف ہے کہ ان مسائل کو مل کر افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام ہمارا اجتماعی مقصد ہے جس کے بغیر خطہ اور دنیا ترقی نہیں کر سکتی تاہم اس مقصد کے حصول کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک میں 50 لاکھ سے زائد پاکستانی کام کر رہے ہیں اور یہ خطہ پاکستان کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے تمام خلیجی ممالک کے ساتھ خوشگوار، تاریخی اور روایتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیج اقتصادی لحاظ سے پاکستان کے لئے انتہائی اہم خطہ ہے، ہماری توانائی کی زیادہ تر ضروریات خلیج سے ہی پوری کی جاتی ہیں۔