وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملائیشیا کے ہم منصب سے گفتگو

83

جدہ ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات حوصلہ افزا ہیں جنہیں ہم مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے معاہدہ کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملائیشیا کے اپنے ہم منصب سیف الدین عبداللہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے باہمی تعلقات بہت گہرے اور مضبوط ہیں۔ ملائیشیا کے صدر ڈاکٹر مہاتیر محمد کے حالیہ دورہ پاکستان کے نقوش ابھی تک ہمارے ذہنوں میں ترو تازہ ہیں، دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے حالیہ دوروں کے نتیجے میں یہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، دونوں وزرائے خارجہ نے ان دو طرفہ، اعلی سطحی دوروں کے تسلسل پر اتفاقِ رائے کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات حوصلہ افزا ہیں جنہیں ہم مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس فورم بھی موجود ہے جن کے ذریعے ہم دوطرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت، دوستانہ کاروباری پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ ملائشین کمپنیاں، ریئل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہوا بازی اور حلال فوڈ سمیت کثیر الجہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ملائیشیا کی رئیل اسٹیٹ سے وابستہ بڑی کمپنیاں وزیر اعظم عمران خان کے”پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر” کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، دونوں ممالک کا بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔