وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سونگ تائو سے ملاقات

117

بیجنگ ۔ 19 مارچ (اے پی پی) کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین پارٹیوں کی سطح پر دوطرفہ وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اتفاق رائے منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سونگ تائو سے ملاقات کے دوران پایا گیا۔ سونگ تائو نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا بیجنگ آمد پر خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پارٹیوں کی سطح پر دوطرفہ وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی چائنا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پارٹیوں کی سطح پر وفود کا تبادلہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین پارٹی سطح پر مزید مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی چائنا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے دونوں پارٹیوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحہ پر ہیں۔ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ فار کمیونسٹ پارٹی (آئی ڈی سی پی) چائنا اور وزارت خارجہ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دوطرفہ روابط کے فروغ کیلئے متحرک کردار ادا کرے گی۔