اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ وزیر خارجہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ نے مکہ میں عمرہ ادا کیا اور مسجد الحرام میں نماز تراویح ادا کی۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ اس مشکل گھڑی میں ہماری مدد کرے اور پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کے مطابق ملک بنائے۔ شاہ محمود قریشی عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ سے واپس جدہ پہنچے جہاں انہوں نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ 31 مئی کو مکہ میں ہونے والے او آئی سی سربراہ اجلاس میں بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔ اجلاس میں او آئی سی رکن ملکوں کے سربراہاں شرکت کر رہے ہیں۔