وزیر خارجہ شاہ محود قریشی کی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے بات چیت

248

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کارڈ کھیلنے والوں نے عوام کے مسائل سے مکمل طور پر منہ موڑ لیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے لوگوں کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے اپنی ممکنہ کوششیں جاری رکھے گی۔ یہ بات انہوں نے سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے جبکہ سندھ کارڈ کھیلنے والوں نے عوام کے مسائل سے مکمل طور پر منہ موڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے لوگوں کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے اپنی ممکنہ کوششیں جاری رکھے گی۔ اربابِ غلام رحیم نے اس موقع پر کہا کہ سندھ کی حکومت عوام کے مسائل سے نابلد ہے، ان کا مقصد صرف اپنے مفادات کی تکمیل ہے، سندھ کے لوگ غربت اور بیماریوں سے لڑ رہے ہیں، سندھ میں ایڈز جیسے موذی مرض نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں مگر سندھ کے حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔