وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کے مابین ملاقات

130

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کے مصری ہم منصب سامح شکری نے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال ہوا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار، ان تعلقات کو مزید مستحکم کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان، پارلیمانی، اقتصادی ،دفاعی، تہذیبی اور علمی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہماری پارلیمنٹ میں، پاک – مصر فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے متحرک ہے۔