اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی برطانیہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات میں شرکت کیلئے اتوار کولندن پہنچ گئے۔ہیتھرو ائرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا اور پاکستان ہائی کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔وزیر خارجہ لندن میں قیام کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ 5 فروری کو انٹر کانٹینینٹل ہوٹل پارک لین لندن میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی نمائش میں بھی بطور مہمان خصوصی، شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کیلئے سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کا بھی ایک بہت بڑا وفد سینیٹر مشاہد حسین سید کی قیادت میں لندن پہنچ چکا ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا موقف یکساں اور واضح ہے